سری نگر،یکم اپریل (ایس او نیوز؍ یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدرامت شاہ نےکہا کہ مودی حکومت جموں وکشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کو سال 2020 تک ختم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 اوردفعہ 35 اے کے خاتمے کے لئے بی جے پی عوام کے سامنے وعدہ بند ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے امت شاہ نےکہا کہ جموں وکشمیرکے خصوصی پوزیشن کی ضامن دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کی منسوخی جن سنگھ اورپھربی جے پی کے منشورمیں سال 1950 سے ہی شامل ہے۔ بی جے پی صدرنےکہا کہ انہیں اس بات پرفخرہےکہ مودی حکومت واحد ایسی حکومت ہے، جس نے وادی میں گذشتہ تین دہائیوں کے دوران سب سے زیادہ جنگجومارے۔
امت شاہ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت نے علاحدگی پسند جماعتوں وجنگجو تنظیموں پرنکیل کسنےکےعلاوہ پاکستان کوالگ تھلگ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں اکثریت نہ ملنے کی وجہ سے اگرچہ دفعہ 370 اوردفعہ 35 اے کو ہٹانے میں آج تک تاخیرہوئی ہے۔ تاہم مجھے پوری امید ہے کہ سال 2020 تک ان دفعات کو ہٹایا جائے گا۔
بی جے پی کے قومی صدرکا کہنا تھا 'دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کو ختم کرنا 1950 سے جن سنگھ اورپھربی جے پی کے انتخابی منشورکا حصہ رہا ہے۔ ہم نے ملکی عوام کو وعدہ دے رکھا ہے۔ ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ جہاں تک یہ سوال ہے کہ ابھی تک ان دفعات کو ختم کیوں نہیں کیا گیا، تو میرا جواب ہے کہ راجیہ سبھا میں ہماری اکثریت نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہےکہ 2020 تک یہ بھی ہوجائے گا'۔ ملی ٹینسی کے حوالے سے امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پے ملی ٹینٹ فنڈنگ کی لگام کسنے میں کامیاب ہوئی ہے۔